بنگلورو، 22؍ مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) بنگلورو شہر میں روزانہ کوئی نہ کوئی حادثہ ہوتا ہی رہتا ہے، پیر کے دن بی بی ایم پی کی کوڑا کرکٹ لے جانے والی لاری ڈرائیور کی لاپرواہی سے ایک 12 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی جبکہ دیگر چار زخمی ہوگئے۔ حادثہ ہیبال پولس تھانہ حدود میں پیش آیا۔
بی بی ایم پی لاری شہر سے ہیبال ہوتے ہوئے ایئر پورٹ کی طرف جارہی تھی، دوسری طرف ایک خاتون اپنے دو بچوں کے ساتھ سڑک عبور کررہی تھی ، اسی وقت ایک بائک سوار نے اپنی گاڑی دھیمی کردی، پیچھے آتی ہوئی کار نے بھی اپنی رفتار کم کردی ، کار کے پیچھے بی بی ایم پی کی کوڑا کرکٹ لے جانے والی لاری تیز رفتاری کے ساتھ آرہی تھی جس نے کار کو پیچھے سے ٹکر دے ماری ، کار کو ٹکر لگتے ہی کار اگلی بائک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں راستہ عبور کرنے والی بچی حادثہ کی زد میں آگئی۔ اس بچی کا نام اکشیا بتایا گیا ہے۔ جوسینٹ میرلیس اسکول میں نویں جماعت میں پڑھتی تھیں۔
بتایا جارہا ہے کہ گار بیج لاری ڈرائیور کی تیز رفتاری اور غفلت سے ہیبال پولیس اسٹیشن کے روبروہی یہ حادثہ پیش آیا۔